کراچی میں مون سون کے اثرات نظر آنے لگے۔ شہرقائد کو سرمئی بادلوں نے لپیٹ میں لے لیا۔ مطلع ابرآلود ہونے اور تیز ہوائیں چلنے سے کراچی کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہر میں آج شام یا رات سے بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر بھر میں مون سون کا آغاز آج شام یا رات سے ہوجائے گا۔ آج ہلکی بارش کا امکان ہے لیکن کل سے منگل تک شہر میں بادل جم کر برسیں گے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ کل صبح سے شہر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ بارش سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں یا آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔ آندھی کے دوران 60 تا 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج دن میں درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا جبکہ دن میں ہوا 28 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلے گی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کے تناسب میں اضافے کیوجہ سے دن میں حبس کی صورتحال برقرار رہےگی۔
واضح رہے کہ7 یا 8 جولائی سے کراچی میں مون سون کا دوسرا اسپیل بارش برسائے گا جس کا سلسلہ 3 تا 4 روز چلے گا ۔ عید کے دنوں میں کراچی میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔