کراچی میں متوقع بارشیں، نکاسی کیلئے پمپ نصب، شہریوں کیلئے شکایت نمبر جاری کردیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ متوقع بارشوں کے پیش نظر کراچی کی شہری انتظامیہ نے انتظامات شروع کردئے۔ متعلقہ محکمہ اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

ایڈمسنٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان کی صدارت میں کراچی میں بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا جس میں مختلف فیصلے کئے گئے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ بارشوں کے پیش نظر متعلہ محکمے کے افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ کراچی کے تمام اہم مقامات پر پانی کی نکاسی کیلئے پمپس نصب کردئے گئے جبکہ انڈر پاسز میں برساتی پانی کی نکاسی کیلئے انتظام رکھا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ برساتی پانی کی نکاسی کا تمام عملہ مخصوص یونیفارم کے ساتھ سڑکوں پر نظر آنا چاہئے، جن مقامات پر پانی جمع ہوتا ہے وہاں سے پانی کی نکاسی فوری طور پر کی جائے۔

فائر بریگیڈ، سٹی وارڈنز، ریسکیو یونٹ اور میونسپل سروسز باہمی رابطے سے کام کریں گے۔ سمندر پر موجود لائف گارڈز بھی بارش کے دوران اپنے فرائض انجام دیں گے۔ 

ایڈمسنٹریٹر کراچی نے شہریوں کی شکایات کیلئے نمبر بھی جاری کردیا ہے۔ شہری برساتی پانی کی نکاسی کیلئے اپنی شکایات 1339 پر کراسکیں گے۔ 

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے ہدایت کی ہے کہ برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے تمام متعلقہ افسران وعملہ چوکس رہیں اور اس حوالے سے شکایات کا فوری ازالہ کریں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts