کراچی کے علاقے قائدآباد نیومظفرکالونی میں لوٹ مارکی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 6 بہنوں کا اکلوتا بھائی، بوڑھے والد کا واحد سہارا اور 2 بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق اتوارکی شب قائد آباد تھانےکےعلاقےنیومظفرآباد کالونی میں لوٹ مارکی واردات ہوئی۔ واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 26 سالہ نوجوان احسان اللہ جاں بحق ہوگیا۔
احسان اللہ ولد فضل وہاب 2 بچوں کا باپ اور6 بہنوں کا اکلوتا بھائی اوربوڑھے والد کا واحد سہارا تھا۔ مقتول نوجوان کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی اوربیٹا 12 جماعتیں اور قرآن پاک پڑھا ہوا تھا اور گودام چورنگی کے قریب گارمنٹس فیکٹری میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کرتا تھا
انھوں نے بتایا کہ اتوارکی شب بیٹا بھانجے کی شادی کی تقریب میں شرکت کر کے گھر آنے کے بعد اپنے بچے کے ہمراہ گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ اسی دوران موٹرسائیکل سوار2 مسلح ملزمان آئے جنہیں دیکھ کران کا بیٹا گلی میں بھاگا توملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا۔
والد نے بتایا کہ جب واقعہ ہوا تو میں نیوکراچی میں میت میں شرکت کے بعد گھر پہنچا تھا ،مسلح ملزمان نے بھانجے سے توموبائل فون چھین لیااوربیٹا اٹھ کربھاگا تومسلح ملزمان نے عقب سے فائرنگ کردی۔
انہوں نے کہا کہ مقتول نوجوان کے والد نےاعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کے قتل میں ملوث ملزمان کو فل الفورگرفتار کیا جائے ان کا بیٹا تواس دنیا سے چلا گیا دوسروں کے بچے محفوظ رہ سکیں۔
مقتول نوجوان کے چچا کے مطابق بھتیجا کرکٹ کھیلنے کا بہت زیادہ شوقین تھا،مقتول نوجوان کے کزن قاسم نے بتایا کہ مقتول کزن کے قتل میں ملوث ملزمان روڈ نمبرایک سے روٹ نمبر سات تک وارداتیں کرتے رہے۔