شہرقائد میں جرائم پیشہ افراد کو لگام ڈالنے کیلئے پولیس کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔ تھانہ سچل اور انویسٹیگیشن مبینہ ٹاؤن پولیس نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے امریکی نژاد خاتون سے لوٹ مار کرنے اور انہیں زخمی کرنے والے ملزم کو دھرلیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق 27 مارچ کو مبینہ ٹاؤن کے حدود میں امریکی نژاد خاتون کو زخمی کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ دو ملزمان نے امریکی نژاد خاتون غزالہ کو لوٹا اور ڈکیتی کے دوران ہی ملزمان نے مزاحمت کرنے پر خاتون کو زخمی کردیا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے کے دوران ہی پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا تھا جسے پولیس نے جناح اسپتال منتقل کردیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آج دوسرے ملزم کو بھی کامیاب کاروائی کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کرلی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹج میں بھی ملزمان کی کار دیکھی گئی تھی۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزمان سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور خولوں کو فارنزک کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔