کراچی پولیس نے شہر بھر میں لاپرواہی سے موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔ پولیس نے شہر بھر میں کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 104 مقدمات درج کئے اور اسکے نتیجے میں 179 افراد کو گرفتار کیا۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر میں لاپرواہی سے موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف 18 مقدمات درج ہوئے اور 34 افراد گرفتار کئے گئے۔
ضلع جنوبی میں 11 مقدمات درج ہوئے اور 19 گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ ضلع کورنگی میں 3 مقدمات درج کرکے تینوں کو گرفتار کیا گیا۔ ضلع کیماڑی میں 6 مقدمات درج ہوئے اور تمام 6 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ضلع ویسٹ میں 23 مقدمات درج ہوئے اور 28 ملزمان گرفتار کئے گئے جبکہ ضلع ایسٹ میں درج مقدمات کی تعداد 37 اور 76 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور ٹریفک قوانین کی عملداری کیلئے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دے رہی ہے۔
شہر بھر میں لاپرواہی سے موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے مقصد کراچی میں ٹریفک روانی بحال رکھنے اور شہریوں کو حادثات سے بچانا بھی ہے۔ شہر بھر میں ٹریفک حادثات میں اضافوں کا ایک سبب موٹرسائیکل سواروں کی لاپرواہی بھی ہے۔