سندھ حکومت نےگزشتہ ماہ کراچی میں شروع کی جانے والی ریسکیو 1122 سروس کے ساتھ فائر بریگیڈ سروس کو بھی منسلک کردیا۔ شہری اب 1122 پر فون کرکے بھی فائیربریگیڈ کی گاڑی کو طلب کرسکتے ہیں
ایڈمنسٹریٹر کراچی ، وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کے مشیر قانون اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق کراچی کے شہریوں کو اب ایک فون کال پر تمام ریسکیو کی سہولتیں مل سکیں گی۔
مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ ایمبولینس سروس کےساتھ 1122 فائربریگیڈکوبھی طلب کیاجاسکےگا، اس سہولت کا آغاز تجرباتی بنیادوں پر کیا جارہا ہے اور تجربہ کامیاب ہونےکی صورت میں اس سہولت کو مستقل کردیا جائےگا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ یہ سہولت شہریوں کو آج سےہی میسر ہوگی جب کہ مستقبل میں اس سروس کے ساتھ پولیس 15 مددگار کو بھی جوڑ دیا جائے گا۔
واضح رہے ریسکیو 1122سروس پنجاب میں انتہائی کامیاب رہی جسکے بعد سندھ حکومت نے بھی گزشتہ ماہ ابتدائی طور پر کراچی میں ریسکیو 1122سروس کا آغاز کیا جسے مرحلہ وار سندھ کے دیگر شہروں تک بھی پھیلایا جائے گا۔