عیدالاضحیٰ پر پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ملک کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگانے کیلئے تیاریاں شروع ہوگئیں۔ منڈی لگانے کیلئے ٹینڈر نوٹس جاری کردیا گیا۔
شہرقائد میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مویشی منڈی تیسر ٹاؤن میں نادرن بائی پاس پر لگائی جائے گی۔ انتظامیہ نے منڈی کیلئے ٹینڈر نوٹس جاری کردیا ہے جس میں 17 مختلف پیشکش طلب کی گئی ہیں۔
مویشی منڈی انتظامیہ کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر، بجلی سپلائی، کار پارکنگ، پانی سپلائی، سافٹ ڈرنگ اور منرل واٹر، جانور چارہ سپلائی اور برف سپلائی کی پیشکش طلب کی گئی ہے۔
مویشی منڈی انتظامیہ کے ٹینڈر کے مطابق ٹینٹ سروس، واش روم سروس، آٹومیشن سروس، ہوٹل کیبن سروس، واٹرڈرم سروس، بھل سپلائی، برانڈنگ اور ایڈورٹائزنگ سروس، وٹرنری سروس، فیول سپلائی اور رینٹ اے کار کی بھی پیشکش مطلوب ہیں۔
ٹینڈر کے مطابق پیشکش دہندگان درخواست کے کاغذات چیک نمبر 2 ملیر کینٹ سے 19 فروری کے بعد حاصل کرسکتے ہیں اور تمام خواہش مند افراد کو 15 مارچ تک سربمہر لفافے کے اندر اپنی درخواستیں چیک پوسٹ نمبر 2 ملیر کینٹ میں ہی جمع کرانی ہوں گی۔
درخواستوں کے ساتھ متعلقہ ایس ایس پی سے پولیس ویریفیکشن سرٹیفکٹ، بینک اسٹیٹمنٹ، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، این ٹی این سرٹیفکٹ کی کاپی، درخواست فارم اور بینک پے آڈر لازمی جمع کرانا ہوگا۔
منڈی انتظامیہ کے مطابق درخواستوں کے ساتھ پیشگی زرضمانت کی رقم لازمی جمع کرانی ہوگی۔ ناکام ہونے والے تمام درخواست دہندگان کو 2 مئی کے بعد رقم واپس کردی جائے گی جبکہ کامیاب ہونے والے درخواست دہندگان کو جمع کردہ پیشگی رقم 15 جولائی کے بعد واپس کردی جائے گی۔
منڈی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ٹینڈر نوٹس کے مطابق مزید معلومات کیلئے خواہش مند افراد صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک 021349009433 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔