کراچی میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو لوٹنے والا وائٹ کرولا گینگ کی ایک اور واردات منظرعام پر آگئی۔ عمرہ کرکے وطن واپس آنے والے میاں بیوی کو ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار بن کر انکی گھر کی دہلیز پر ہی لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد 3 نمبر میں یہ لوٹ مار کا واقعہ رپورٹ ہوا۔ متاثرہ شہری ارشدحسین اور انکی اہلیہ عمرہ کرکے جدہ سے واپس لوٹنے کے بعد گھر آرہے تھے کہ گھر کے نیچے جیسے ہی پہنچے وائٹ کرولا برابر میں آکر رکی۔
شہری ارشدحسین کے مطابق کار میں پولیس کی وردی میں ملبوس تین افراد سوار تھے اور ملزمان کے پاس اسلحہ بھی تھا۔ ملزمان نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ چیک کیے تلاشی کے بہانے اہلیہ کے ہاتھ سے پرس چھینا اور فرار ہوگئے۔
ملزمان 2200 سعودی ریال،5 آسٹریلین ڈالر،10 درہم اور 5 ہزار پاکستانی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں جائے وقوعہ کے اطراف لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے، شبہ ہے کہ ملزمان نے ائیرپورٹ سے پیچھا کیا۔