ملک بھر میں مون سون کے دھواں دھار تیسرے اسپیل نے کراچی میں بھی انٹری دے دی، جہاں مختلف علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش کا سلسلہ رات سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 2 بجے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بارش برسانے والا مون سون سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوگیا، جو 28جولائی تک برقرار رہ سکتا ہے۔ آج دن میں گرج چمک کے ساتھ تیزبارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوپہر 2 بجے کے بعد گرج چمک کے ساتھ برسیں گے۔ سندھ کے بیشتر شہروں میں رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
پیش گوئی کے مطابق صوبے کے سب سے بڑے شہر کراچی میں صبح 8 سے 9 بجے کے دوران تیز بارش نہ ہوسکی، شہر کے کچھ علاقوں میں ہلکی ہلکی بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے، شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی کے بعض علاقوں میں صبح سویرے تیز بارش ہوئی تھی، جبکہ مختلف علاقوں میں رات سے بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سندھ کے دیگر شہروں میں تیز بارش سے شہری نظام درہم برہم ہو گیا، بجلی غائب ہو گئی اور سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔
مون سون کے تیسرے اسپیل کے باعث کراچی میں کالے بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس اسپیل کے تحت ہونے والی موسلا دھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
بارش کا سلسلہ ملیر، قائد آباد، ائیر پورٹ کے اطراف، نرسری، شارع فیصل، نارتھ ناظم، کورنگی، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، صدر، آئی آئی چند ریگر روڈ اور سائٹ ایریا سمیت متعدد علاقوں میں جاری ہے۔
کراچی میں صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے۔