پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 7 مئی بروز اتوار کو ہوگی۔ کراچی میں انتخابات کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔
کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں 11 یوسیز اور 15 وارڈز میں پولنگ ہوگی جسکے لئے 302 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ شہرقائد کے 302 پولنگ اسٹیشن پر مجموعی طور پر 5 ہزار 750 پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
کوئیک رسپانس فورس میں 476 اہلکار شامل ہونگے، ایک ہزار900 کے قریب پولیس اہلکار ریزرو پولیس کے طور پرموجود ہوں گے، مجموعی طور پر 172 مختلف عمارتوں میں انتخابات کا عمل ہوگا۔
الیکشن کمیشن دفاتر پر271 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ شہر بھر میں 6 ہزار707 پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی پر ہوں گے، 134 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کے 24 اضلاع میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں پولنگ 7 مئی صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی فراہمی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کسی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر فورسز کی تعیناتی درکار ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کی اسٹیک، فوج کی بطور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کی جائے۔