کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہرقائد میں آج دن میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقوں صدر، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، جہانگیر روڈ، کریم آباد، عائشہ منزل اور اطراف کے علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی ہوئی۔
لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشن حدید سمیت دیگر علاقوں میں بھی بوندا باندی اور چند مقامات پر ہلکی بارش رپورٹ ہوئی۔ مختلف علاقوں میں ہونے والی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم ابرآلود رہے گا، جبکہ کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات تک جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے چند دنوں تک صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 28.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 35 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔ شہر میں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے۔