کراچی میں سیف سٹی منصوبہ، شہر کے 2000 مقامات پر 10 ہزار کیمرے نصب کئے جائیں گے

وزیراعلی ہاؤس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کراچی میں شروع کئے جانے والے سیف سٹی منصوبہ پر پشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو اب تک ہونے والے کام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈی جی سندھ سیف سٹی پراجیکٹ کو 6 ماہ کے اندر موجودہ 2000 کیمروں کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس کے لئے ایک ارب روپے کی منظوری بھی دے دی۔

 

مراد علی شاہ نے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ کا پی سی ون جلد تیار کیا جائے تاکہ آئندہ چار ماہ کے اندر منصوبے کے فزیکل لانچ کیلئے پراجیکٹ کی بڈنگ کی جا سکے۔

 

وزیراعلی سندھ کا اجلاس میں کہنا تھا کہ پہلے ہی اس منصوبے کے آغاز میں تاخیر ہوچکی ہے وہ اب کسی بھی قسم کی مذید تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔

 

ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی اتھارٹی مقصود میمن نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کا قیام جنوری 2022 میں پورے سندھ میں سیف سٹی پراجیکٹس پر عملدرآمد کیلئے کیا گیا تاہم پہلے مرحلے میں کراچی میں سیف سٹی کے قیام کا عمل جاری ہے۔

 

صوبے کے تحت 10000 نئے کیمرے 2000 مقامات پر تین مراحل میں نصب کیے جائیں گے، کنسلٹنٹ کے مطابق منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 27 ارب روپے سے زائد ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے سندھ پولیس کی جانب سے 2000 کیمروں کے منصوبے کو سیف سٹی اتھارٹی کے حوالے کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts