پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ریسکیو 1122 کی سروس کا آغاز کردیا گیا۔ وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیس میں منعقد تقریب میں سروس کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج سے شہر بھر میں ریسکیو 1122 کی سروس شروع کردی گئی ہے۔ شہر بھر میں ابتدائی طور پر 50 ایمبولینس سروس فراہم کریں گے۔
وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 سروس کو صوبے بھر میں پھیلائیں گے۔ ایمبولینس کے ساتھ فائر بریگیڈ کی بہتری کیلئے بھی کام کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے پاس 230 ایمبولینسز ہیں، پہلے مرحلے میں کراچی ڈویژن ایمبولینسز دی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں صوبے کے دیگر ڈویژنوں اور اضلاع میں چلائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ایک سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنا ہے، مرکزی سینٹر اور دیگر کامنڈ سینٹرز ایک دو ماہ میں آپریشنل ہو جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں نئی ایمبولینس سروس کے آغاز سے بہت خوشی ہوئی، جدید ترین ریسکیو 1122 سروس کا قیام سندھ کی ترقی کی جانب پہلا قدم ہے۔
اس سے قبل ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت کے تحت چلنے والے ریسکیو 1122 سروس عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔
آج 50 ایمبولینس کراچی کے لئے آئی ہیں ہر مہینے 40 ایمبولنس بڑھائی جائیں گی، اس منصوبے کو سندھ بھر میں پھیلائیں گے، یہ ایمبولینس ہائی ویز پر بھی سروس فراہم کریں گی۔