پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں عید قرباں پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سجائی جاتی ہے۔ سہراب گوٹھ کے قریب سپرہائی وے لگائی جانے والی منڈی اس بار ناردرن بائی پاس پر لگنے کا امکان ہے۔
کراچی میں سپرہائی وے پر لگائی جانے والی مویشی منڈی کے سابق فوکل پرسن یاور چاولہ کے مطابق رواں سال مویشی منڈی ناردرن بائی پاس پر منتقل کی جاسکتی ہے۔
یاور چاولہ نے ٹائمز آف کراچی کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ناردرن بائی پاس پر مویشی منڈی کو منتقل کرنے کا ٹینڈر عمل میں ہے۔ ٹینڈر کا عمل مکمل ہونے کے بعد مویشی منڈی کو ناردرن بائی پاس منتقل کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔
سابق فوکل پرسن یاور چاولہ کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی منتقل کرنے کا ٹینڈر فی الحال فائنل نہیں ہوا ہے اور ابھی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔
ٹینڈر فائنل ہونے پر رواں سال عیدالاضحٰی کیلئے مویشی منڈی کو سپرہائی وے سے ناردرن بائی پاس منتقل کردیا جائے گا اور یہ پہلا موقع ہوگا جب سپرہائی وے پر مویشی منڈی قائم نہیں ہوگی۔
واضح رہے کراچی میں ہرسال عید قرباں پر سپرہائی وے پر 2 ہزار ایکٹر کے قریب رقبے پر مویشی منڈی قائم کی جاتی ہے جہاں ملک بھر سے بیوپاری آکر مویشیوں کو فروخت کرتے ہیں۔
گزشتہ چند سالوں سے مویشی منڈی کو قائم کرنے میں مختلف انتظامی مسائل کا سامنا رہا ہے جسکی بڑی وجہ سپرہائی وے پر قائم ہونے والی مختلف سوسائٹیز ہیں۔ سوسائٹی آباد ہونے سے مویشی منڈی کی جگہ پر مسائل ہوئے۔
مختلف سوسائٹی کی زمین کو مویشی منڈی کا حصہ بنانے پر معاملات عدالت تک بھی پہنچ چکے ہیں۔ عدالت نے گندھارا ایمپلائز کوپرآیٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسکیم 33 مختلف سوسائٹی کی زمین کو مویشی منڈی کا حصہ نہ بنانے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔