انسپیکٹر جنرل سندھ غلام نبی میمن نے ایک بار پھر کراچی کو دیگر شہروں سے بہتر قرار دیا ہے۔ آئی جی سندھ کا کہنا ہے شہرقائد میں جرائم دیگر شہروں سے کم ہیں۔
جیو نیوز کو انٹریو میں غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں گزشتہ سال 82 ہزار جرائم رپورٹ ہوئے تھے جبکہ لاہور میں گزشتہ سال رپورٹ ہونے والے جرائم کی تعداد 2 لاکھ 3 ہزار تھی۔ کراچی اب بھی دیگر شہروں سے کئی گنا بہتر ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم آسان جرم اور پرانا مسئلہ ہے، اسٹریٹ کرائم کے لیے قانون میں سخت سزا ہونی چاہیے کیونکہ سزا نہ ہونے کی وجہ سے ملزم فائدہ اٹھا رہے ہیں جب کہ تفتیش کو بہتر کرنے کے لیے نفری اور وسائل کی کمی ہے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کو دیگر ممالک کی فورس کی طرح جدید کرناہے، حکومت نے سی ٹی ڈی کے لیے 3 ارب کا پیکج منظور کیا ہے، سی ٹی ڈی کو تمام جدید ٹیکنالوجیز دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی نفری ایک لاکھ 23 ہزار ہے جو ایک لاکھ 70 ہزار ہونی چاہیے، تھانہ کلچر کو بہتر کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، امید ہے پولیس عوام کی امید پر پورا اترے گی۔