کراچی میں دو دریا پر ڈاکوؤں کی نوبیاہتا جوڑے سے لوٹ مار، مزاحمت پر نوجوان قتل

کراچی میں سیاحتی مقام دو دریا پر اسٹریٹ کرائم میں حال ہی میں شادی شدہ جوڑے سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے نوجوان کی جان لے لی اور واردات کرکے فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ساحل ایونیو کراسنگ خیابان بابر ڈیفنس فیز 8 کے علاقے میں واقعہ پیش آیا۔ واقعے کے وقت محمد عدنان اپنی نوبیاہتا دلہن کے ساتھ سی ویو دو دریا کے قریب ریستوران میں کھانا کھانے آیا تھا۔

کھانے کے بعد دونوں ساحل پر بنی دیوار پر بیٹھے باتوں میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے اور لوٹ مار شروع کردی۔ ڈاکوؤں نے خاتون سے لوٹ مار کی تو عدنان مشتعل ہوگیا اور اس نے مزاحمت کی کوشش کی، جس پر ڈاکوؤں نے عدنان کو سر پر 2 گولیاں ماریں جو جان لیوا ثابت ہوئیں ۔

انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق ڈاکو مقتول اور اس کی اہلیہ سے موبائل فون ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لایا گیا، جہاں اس کے مشتعل ورثا لاش کو بغیر پوسٹ مارٹم کرائے لے گئے۔

مقتول بلدیہ نیول کالونی کا رہائشی اور بلوچستان و کراچی میں ذاتی کاروبار کرتا تھا جب کہ اس کا آبائی تعلق بلوچستان کے علاقے قلات سے تھا۔ مقتول کی 3 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔

ورثا کی جانب سے تدفین کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرانے کا کہا گیا ہے۔ پولیس نے مقتول کی گاڑی ساحل تھانے منتقل کردی اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے بیانات کی روشنی میں مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھ کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts