کراچی میں خواتین سے لوٹ مار کرنے والے گروہ کے سربراہ سمیت تین ملزمان قانون کے نرغے میں آگئے۔ پولیس نے ملزمان سے نقدی ، زیورات اور موبائل فون برآمد کرلئے۔
روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ضلع ساؤتھ پولیس نے ڈیفنس اور کلفٹن سمیت شہر بھر میں خواتین سے اسحلہ کے زور پر لوٹ مار کرنے والے گروہ کے سربراہ کو دھرلیا۔ اسکے دو ساتھی بھی پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔
ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں خواتین سے چھینا جھپٹی کی واردات کی سینچری بھی مکمل کرچکے تھے۔ پولیس نے گرفتار کئے گئے ملزمان سے 20 تولے کے طلائی زیورات، نقدی ، موبائل فون اور پستول برآمد کرلی۔
ملزمان میں گروہ کے سربراہ کی شناخت جبران کے نام سے ہوئی۔ جبکہ اسکے ساتھی وقاص اور انیس بھی گرفتار کئے گئے ملزمان میں شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گروہ گزشتہ دو سال سے وارداتیں کررہا تھا۔