پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی میں کورونا کی پانچویں لہر بے قابو ہوگئی۔ ایک ہی دن میں شہرقائد میں کورونا کی شرح 20 سے بڑھ کر 28 فیصد سے بھی اوپر جاپہنچی۔ محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 28 اعشاریہ 8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
سندھ بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2289 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 2081 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 2 افراد کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ 172 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 14 مریض وینٹیلیٹر پر زیرعلاج ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 95 فیصد اومی کرون کے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو ویکسینیشن کروانے اور بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان کی بات کی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 3 ہزار567 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے۔ ملکی سطح پر کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.36 فیصد ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پاکستان کا 40واں نمبر ہے۔