کراچی میں جرائم کے خاتمہ کا حل مقامی پولیس ہے، آفاق احمد

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم کا حل مقامی پولیس کو قرار دے دیا۔ آفاق احمد کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں امن و امان اوراستحکام کو یقینی بنانے کیلئے پولیس و انتظامیہ مقامی ہوتی ہے۔ مقامی افراد علاقائی حقائق سے واقف ہوتے ہیں انہیں مسائل کا درد و احساس غیر مقامی افراد سے زیادہ ہوتا ہے۔

 

آفاق احمد نے سماء ٹی وی کے صحافی اطہر متین کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں چور اور پولیس دونوں غیر مقامی ہیں۔ جسکا سنجیدگی سے نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ آفاق احمد کے مطابق سابقہ پولیس چیف کا بیان بھی اس کا واضح ثبوت ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کراچی جرائم بڑھنے کی ایک وجہ غیر مقامی افراد ہیں۔

 

آفاق احمد نے کہاکہ ہر شہری کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے جس میں حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ شہر قائد میں ایک طویل عرصے سے ڈاکو راج قائم ہے۔ جرائم کرنے والے بے خوف خطر اپنی کارروائیاں کرتے ہیں جس پر پولیس کی خاموشی انہیں مزید حوصلہ دے رہی ہے۔ حالات پر قابو نہ پایا گیا تو عوام کا ردعمل سنگین صورتحال اختیار کرسکتا ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts