کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایمبولینس سے حادثے کے نتیجے میں جواں سال لڑکی شدید زخمی ہو گئی اور اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ سڑک عبور کرنے کی کوشش کرتی ہوئی لڑکی کو تیز رفتار ایمبولینس نے برے طریقے سے ٹکر مار دی۔
جنگ کی رپورٹ کے مطابق تیز رفتار ایمبولینس لڑکی کو 30 فٹ تک گھسیٹتے ہوئے لے گئی۔ حادثہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے خیر آباد میں پیش آیا، ڈرائیور نے اسی ایمبولینس میں زخمی ہونے والی لڑکی کو اسپتال پہنچایا۔
حادثے کے ذمے دار ایمبولینس ڈرائیور نعمان نے عباسی اسپتال کے ڈاکٹر کو بیان دیا کہ لڑکی کو تیز رفتار منی بس کچل کر فرار ہوئی ہے۔ خوفناک حادثے میں لڑکی کو شدید چوٹیں آئیں، اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔
غریب خاندان کی زخمی لڑکی اسپتال میں بے یارو مددگار پڑی ہے، جس کے اہلِ خانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر امداد کی اپیلیں کی گئی ہیں۔ ایمبولینس سروس کے ترجمان کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں ایمبولینس کے مددگاروں نے مذکورہ لڑکی کو طبی امداد دلوائی ہے۔