پاکستان کے سب سے بڑا شہر کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ شہر قائد میں موسم گرما کے آغاز پر ہی سورج سوا نیزے پر آگیا جس نے شہریوں کے پسینے چھڑوادئے۔ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم بہار میں پڑنے والی کراچی کی یہ گرمی غیر معمولی ہے۔ موسم بہار میں کراچی کا اوسط درجہ حرارت 32.8 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے لیکن اس بار درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔ لیکن شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی کمی آجاتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے مزید دو دنوں تک درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی جسکے باعث گرمی کی شدت موجودہ درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 مارچ کے بعد کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی اور شہرقائد میں پڑنے والی شدید گرمی میں بھی کمی ہوجائے گی۔ محکمہ موسمیات نے بدھ سے کراچی کا درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔