کراچی میں ایک ہفتے میں ڈینگی سے دوسری ہلاکت، 113 نئے کیس رپورٹ

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ڈینگی وبا سنگین صورتحال اختیار کرگئی۔ شہرقائد میں ہرگزرتے دن کے ساتھ ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈینگی سے ایک ہفتے کے دوران دوسری ہلاکت بھی رپورٹ ہوگئی۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق کراچی ضلع شرقی میں ڈینگی وائرس کے نتیجے میں ایک اور شخص انتقال کرگیا تاہم محکمہ صحت سندھ نے مرنے والے مریض کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

کراچی میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی وائرس سے دوسرا مریض بھی انتقال کرگیا۔ ڈینگی وائرس کے کیسز میں شدت آنے کے بعد اسپتال بھر گئے، ستمبر کے 9 روز کے دوران کراچی میں 843 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے جاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 113 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر شہر قائد میں ستمبر کے مہینے میں 843 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے، رواں برس کراچی میں 3 ہزار 50 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈینگی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا ضلع شرقی ہے جہاں ایک یوم کے دوران 67 افراد وائرس کا شکار ہوئے اور ستمبر کے مہینے میں 347 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ مرنے والے دونوں افراد کا تعلق بھی ضلع شرقی سے ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہری گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، پوری آستین کے کپڑے پہنیں، صفائی کا خاص خیال رکھیں، اگر گھروں میں پانی ذخیرہ کرنا ہو تو اسے ڈھانپ کر رکھیں، مچھر مار اسپرے کریں، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts