کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور مختلف وارداتوں کے بعد ردعمل متعلق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب کا بیان سامنے آگیا۔ مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ شہر میں امن کی فضا کو خراب نہیں ہونے دیا جائےگا۔
مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سینئر صحافی اطہر متین کے ڈکیتی کی واردات میں قتل کی مذمت و اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اطہر متین کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرینگے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اطہر متین کے قتل کا نوٹس اور ایڈیشنل آئی جی کو قاتلوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اطہر متین کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دعا کی۔
واضح رہے آج صبح کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں صحافی اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے صحافی نجی نیوز چینل سے وابستہ تھے، مقتول اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھرواپس لوٹ رہے تھے۔ اطہر متین معروف ٹی وی اینکر پرسن طارق متین کے بھائی تھے۔ پولیس کی جانب سے اطہرمتین کی ہلاکت کے بعد قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تحقیقات کی جارہی ہے۔