کراچی میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد شہر کی ابتر صورتحال اور محرم الحرام کے پیش نظر نجی اسکولوں کی ماہ گرما کی تعطیلات میں اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔
سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق نجی اسکولوں کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق موجودہ مون سون اور موسلا دھار بارشوں کے باعث موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔ اسکول کی تعطیلات کو 15 اگست سے بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل نجی اسکولوں کی جانب سے 9 اگست سے اسکول کھولنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں کی تعطیلات میں اضافہ کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 24 مئی کو جاری محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری سرکاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا تھا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون بروز بدھ سے شروع ہو کر 31 جولائی اتوار کو ختم ہوں گی۔
موسم گرما کی تعطیلات کے بعد یکم اگست بروز پیر سے صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکول اور یونیورسٹیاں اپنے تعلیمی پروگرام دوبارہ شروع کریں گی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 27 جولائی کو پنجاب یونی ورسٹی کی جانب سے بھی موسم گرما کی تعطیلات بڑھا کر 15 اگست سے سیشن شروع کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا۔