پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مسلسل 2 روز موسم خوشگوار رہنے کے بعد آج ایک بار پھر گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ دوپہر کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی جسکے باعث گرمی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں نے کہا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے اور شہر میں مغرب کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ کراچی میں تاحال ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں معطل رہیں گی تاہم شام کے وقت شہرقائد میں ایک بار پھر سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی جس سے موسم میں بہتری آئے گی۔