کراچی میں آج بھی ہلکی بارش کا امکان، 8 جولائی سے بارش کا نیا سسٹم متوقع

محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو آج بھی بادل برسنے کی خوشخبری سنادی۔ شہرقائد میں آج مطلع ابر آلود رہنے اور دوپہر کے بعد ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔ کچھ علاقوں میں صرف بوندا باندی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی پر اثر انداز ہونے والا مون سون بارش کا پہلا اسپیل کافی حد تک کمزور ہوچکا ہے لیکن اب بھی اس سسٹم سے شہر قائد کے کچھ علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن بھر آج سورج کی آنکھ مچولی جاری رہے گی اور مطلع ابر آلود رہے گا۔ دوپہر کے بعد شام کے اوقات میں یا رات میں کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ ہلکی بارش اور بوندا باندی کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہِ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب اسوقت 60 فیصد ہے۔ شہر میں جنوب کی سمت سے ہوا 4کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال سے ایک اور سسٹم آگے کی جانب بڑھ رہا ہے جو اس وقت مشرقی بھارت پر موجود ہے۔ آٹھ جولائی سے یہ سسٹم سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے اور اس سسٹم کے زیراثر کراچی سمیت سندھ میں عید کے دنوں میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts