محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہرقائد کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے جسکے باعث محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت موجودہ درجہ حرارت سے زیادہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں محسوس کئے جانے والے درجہ حرارت کا پارہ 41 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغرب سے18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ کراچی میں شام کے وقت ہواؤں میں تیزی آئے گی اور 27 سے 36 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی لہر کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شہریوں سے غیرضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے اور ٹھنڈے مشروبات کے استعمال کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی درخواست کی ہے۔