شہر قائد میں چلنے والی سمندری ہواؤں نے شدید گرمی کا خاتمہ کردیا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر میں موسم آج بھی ابرآلود ہے، دن کے اوقات میں گرمی محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہے گا، لیکن جزوی طور پر مطلع ابر آلود ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس نہیں کی جائے گی۔
کراچی میں اس وقت درجہ حرارت 30 سے 32 سینٹی گریڈ کے درمیان ہے جبکہ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جنوبی سمت سے 10 ناٹیکل مائل کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، شام کے وقت ہواؤں میں تیزی کا امکان ہے جس سے شہر کا موسم مذید خوشگوار ہوجائے گی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ وقفے وقفے سے شہر گرمی کی لپیٹ میں رہے گا، مئی کے ماہ میں کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، البتہ سمندری بادلوں سے رات کے اوقات میں کہیں کہیں ہلکی پھوار ہوسکتی ہے۔
کراچی میں 25 مئی کے بعد موسم ابر آلود ضرور رہے گا لیکن شہر میں تیز بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے، جون کے ماہ میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوسکتا ہے۔