محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج اور کل شدید گرمی کی پیشگوئی کردی۔ افغانستان اور مغربی بلوچستان میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث سمندری ہوائیں معطل ہونے کےباعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہےگا۔ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد تھا جبکہ شام کے وقت 25 سے 35 فیصد ہوگا۔ مغرب کے بعد شمال مغرب کی جانب سے ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل بھی موسم گرم اور خشک رہے گا ۔ کل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ کل صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 30 سے 40 فیصد ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اپریل سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ ہفتہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 383 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
رمضان المبارک کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے عوام سے غیرضروری گھروں سے نہ نکلنے اور احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔