کراچی ٹریفک پولیس نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر وزیراعلٰی ہاؤس کے قریب پی آئی ڈی سی سے اسٹیٹ لائف بلڈنگ کی جانب جانے والی ڈاکٹر ضیاء الدین روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ پولیس نے عوام کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
کراچی پولیس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر ضیاء الدین روڈ اگلے حکم نامہ تک بند رہے گی۔ سڑک کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند کیا گیا اور عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ پولیس نے عوام کی سہولیات کیلئے متبادل راستوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
تمام ٹریفک کو پی آئی ڈی سی سے ایم ٹی خان روڈ اور کلب روڈ کی جانب بھیجا جا رہا ہے ، جہاں سے وہ اپنی منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔اسی طرح جو ٹریفک اسٹیٹ لائف بلڈنگ سے پی آئی ڈی کی جانب جانا چاہتے ہیں انہیں ڈی ماؤنٹ روڈ کی جانب بھیجا جارہا ہے، جہاں سے وہ اپنی منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کو کسی بھی زحمت یا پریشانی کی صورت میں رہنمائی کیلئے ٹریفک پولیس کے ہیلپ لائن نمبر 1915 پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق عوام ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ یا واٹس ایپ 03059266907 پر رابطہ کرکے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔