سندھ حکومت نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ بھر میں مفت میت وین سروس کا آغاز کردیا ہے۔ میت وین سروس کو سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروس آپریٹ کرے گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے مفت میت وین سروس کا آغاز کیا اور اس سروس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوبہ میں میتیں پہنچانے کیلئے مفت سروس فراہم کی جانے والی یہ پہلی سروس ہے۔ ابتدائی طور پر سندھ بھر میں میتیں پہنچانے کیلئے 25 میت گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔
سندھ حکومت کی ان 25 میت گاڑیوں میں سے 8 کراچی، 5 حیدرآباد ریجن، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ ریجن میں 3، 3 میت وین تعینات کی جائیں گی۔
ان میت وین کی فراہمی کے انتظام کے لیے مناسب معیار اور ایس او پیز قائم کیے گئے ہیں۔ یہ سروس ان لوگوں کو پہلے آئیے پہلے کی بنیاد پر مفت فراہم کی جائے گی جو اپنے پیاروں کی میتیں لے جانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے پریس کانفرنس میں ان چند شرائط و ضوابط سے بھی آگاہ کیا جو مفت میت بس سروس فراہم کرنے کیلئے دی جائیں گی۔
1. یہ سروس ان لوگوں کو بغیر کسی معاوضے کے دی جائے گی جو مناسب تصدیق کے بعد اس کے حقدارہوں۔
2. میت کسی بھی ہسپتال سے میت وین سروس کے ذریعے منتقل کی جائیں گی۔
3. یہ سروس ابتدائی طور پر صرف ضلعی نقل و حمل کے لیے ہوگی۔ تاہم دیگر اضلاع کی درخواست پر کچھ تصدیق اور میت وین کی دستیابی کے بعد غور کیا جائے گا۔
4. سروس پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر پیش کی جائے گی۔
5. یہ سروس 1122 ڈائل کرکے پورے سندھ میں حاصل کی جاسکے گی ۔
صوبائی وزیر صحت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسزمحکمہ صحت سندھ کی نگرانی اور رہنمائی میں اعلیٰ درجے کی، مکمل طور پر لیس ایمبولینسز اور قابل عملہ کے ساتھ میت وین سروس سے کمیونٹی کی خدمت کرتا رہے گا۔