صوبہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ ملک کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارلخلافہ کراچی سمیت صوبے بھر میں یکم جون سے گرمی کی چھٹیوں کا آغاز ہوگا۔
محکمہ تعلیم سندھ نے اسکول اور کالجز میں موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق گرمی کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی۔
موسم گرما کی تعطیلات کے فیصلے کا اطلاق سرکاری اور نجی اسکول اور کالجز پر ہوگا۔ محکمہ تعلیم سندھ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گرمی کی چھٹیوں کا فیصلہ محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے اسٹیرنگ کمیٹی نے 22 فروری 2022 کو ہونے والے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں تدریس ، امتحانات اور چھٹیوں سے متعلق شیڈول تیار کیا تھا۔