سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں 886 نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ صوبے کی 886 میں سے 528 نشستیں خالی رہیں ، جن میں سے 2 جنرل اور 526 مخصوص نشستیں ہیں۔
صوبہ بھر میں مختلف کیٹگریوں کی 526 مخصوص نشستوں پر کسی بھی سیاسی جماعت کے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ خالی رہ جانی والی نشستوں میں سے اکثر اقلیتوں، خواتین، خواجہ سرا، لیبر، معذور اور نوجوانوں کی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبہ بھر میں مختلف کیٹیگریوں کے پر ہونیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں براہ راست انتخاب کے لئے 69 کونسلز کی 80 نشستوں پر 355 اُمیدواروں نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع شکار پور میں دو جنرل نشستیں بھی خالی رہ گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہناہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں خواتین، لیبر، خواجہ سرا، غیر مسلم، خواتین، نوجوان اور معذور افراد کی 812 خالی نشستوں پر انتخاب ہونا تھا۔ جن میں سے صرف 286 نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے اور526 نشستیں خالی رہ گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق کراچی ڈویژن میں مختلف کیٹگریوں کی 98 مخصوص نشستوں میں سے 25 مخصوص نشستوں پر مختلف جماعتوں کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں اور 73 نشستیں خالی رہ گئی ہیں ۔
ضلع کیماڑی کی تمام 7 مخصوص نشستوں، ضلع ملیر کی 6 میں سے 5، ضلع کورنگی 15 میں سے 12، ضلع شرقی کی 14 میں سے 7، ضلع جنوبی کی 10 میں سے 3، ضلع غربی کی 27 میں سے 19 اور ضلع جنوبی کی 19 میں سے نشستیں خالی رہ گئی ہیں۔کیونکہ کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ۔