شہرقائد میں ہوا کی سمت تبدیل ہونے کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا۔ہوا میں صحت کے لئے نقصان دہ زرات کی موجودگی کے باعث کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضا میں آلودہ زرات کی مقدار 172 پرٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ دنیا بھر کے شہروں میں تیسری سب سے زیادہ مقدار ہے۔ صبح کے وقت کراچی میں دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر بھی پہنچ گیا تھا۔

آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارلحکومت دہلی اس وقت سرفہرست ہے، جہاں آلودہ زرات کی مقدار 181 پرٹیکولیٹ میٹرہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پاکستان کا دوسرا بڑا شہر لاہور چوتھے نمبر ہے جہاں آلودہ زرات کی مقدار 170 پرٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی میں 151 سے 200 تک درجہ تک آلودگی صحت کے لئے نقصان دہ ہوتی ہے جبکہ 201 سے 300 تک درجہ تک آلودگی کو انتہائی مضرصحت قراردیا جاتا ہے اور درجہ 300 سے تجاوز کرنے پر خطرناک آلودگی کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔