صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی نے کراچی کو بند کرنے کی باتیں کرنے پر عمران اسماعیل کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ سعیدغنی نے عمران اسماعیل کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کراچی تو بند نہیں ہوگا لیکن اس شہر سے روٹی روزی بند ہوجائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ روز کراچی جلسے میں عمران اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کے شہری عمران خان کے ساتھ ہیں اور ایک کال پر صرف آدھے گھنٹے میں پورا شہر بند کرسکتے ہیں۔
صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی نے پریس کانفرنس میں عمران اسماعیل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران اسماعیل نے شہر بند کرنے کی دھمکی دی، وہ وقت گزر گیا جب شہر بند ہوتا تھا، شہر تو نہیں مگر ان کی روٹی روزی بند ہو جائے گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری پر غیرقانونی توشہ خانہ کیس بن سکتا ہے تو عمران خان کیا آسمان سے اترے ہیں۔ عمران خان نے سستے تحفے خرید کر مہنگے بیچ دیے۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس 7 سال سے چل رہا ہے مگر اس پر کارروائی نہیں ہوئی لیکن اب عمران خان کی کرپشن سامنے آنے والی ہے اس لئے عمران خان لوگوں کو بتانا چاہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف یہ کارروائیاں ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قانون کے مطابق کوئی جماعت بیرونِ ملک سے فنڈنگ نہیں لے سکتی، تم نے فارن فنڈنگ کے پیسے سے پارٹی چلائی، الیکشن جیتا۔ فرح گوگی اور عمران گٹھ جوڑ سامنے آئے گا تو لوگوں کے ہوش اُڑ جائیں گے۔ آٹا، چینی، ادویات کے کئی اسکینڈلز سامنے آئے ہیں۔
وقت ثابت کرے گا کہ ڈاکٹر اسرار و حکیم سعید نے درست پیش گوئی کی، عمران خان کہتے ہیں کہ آدھی رات میں عدالت کیوں کھلی، انہیں تو عدالت کے کٹہرے میں لاکر سزا دینی چاہئے۔ آئین شکن سے بڑا کوئی ملک دشمن نہیں ہوتا، عمران خان نے عدالتی حکم ماننے سے انکار کیا تھا۔ عمران خان، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر و صدرِ پاکستان نے آئین کو توڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس کراچی کے کئی ایم این اے اور ایم پی اے ہیں، کل یہ بتاتے کہ ان کی حکومت نے کراچی کے لیے کوئی منصوبہ شروع کیا، کراچی کے لوگوں کو گیس کی لوڈ شیڈنگ کا بھی سامنا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ عمران خان نے میڈیا پر پابندی لگوائی، اینکرز کو آف ایئر کروایا، یہ فاشسٹ ہیں، صحافیوں پر حملے کرتے ہیں، جلسے میں لفنگوں نے خواتین کے پورشن میں داخل ہو کر بدتمیزی کی، میری پولیس سے بات ہوئی ہے، ان لوگوں کی شناخت کر کے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا ہے۔