کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے (جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ) پر ہنگامی خارجی دروازوں کے جام ہونے اور ایرپورٹ پر فائرالارم اینڈ ڈیٹیکٹرز کے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ پر تعینات مختلف اداروں کی جانب سے کئے جانے والے مشترکہ سروے میں خارجی دروازوں اور فائرالارم کے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مشترکہ سروے سول سپروائزر، سی اے اے ویجیلنس، ڈیوٹی ٹرمینل منیجر سمیت دیگر نے کیا۔
سروے کے دوران ویجلنس اسٹاف نے خارجی ہنگامی دروازوں کی ماسٹر چابیاں فراہم کیں جو کسی بھی ہنگامی خارجی دروازے سے میچ نہیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ کئی دیگر ساخت کے تالے بھی معائنے کے دوران جام پائے گئے۔
سروے کے مطابق ہنگامی حالات میں ایئرپورٹ کے تمام لیول سے مسافروں اور عملے کا انخلا مشکل ٹاسک ہوگا۔ زیرو سے لیول 5 تک کچھ مقامات پر آگ کی نشاندہی کرنے والے ڈیٹیکٹرز بھی غیر فعال ہیں۔
کئی جگہوں پر آٹو میٹک فائر الارم اینڈ ڈیٹیکشن سسٹم موجود ہی نہیں تھے، جناح انٹرنیشنل کے فائر اسٹیشن پر سسٹمز کی دستیاب چابیاں بھی بے کار ثابت ہوئیں۔
زیرو سے لیول 5 کی مشرقی اور مغربی سمت میں ایمرجنسی ایگزٹ لائٹس بھی نصب نہیں، ہنگامی اخراج کی سیڑھیوں کی دونوں جانب کوڑے دان کا کچرا بکھرا ہوا ملا۔