بھارتی دارلحکومت دہلی سے قطر کے دارلحکومت دوحہ جانے والی فلائٹ میں فنی خرابی کے باعث اسے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرانی پڑی۔ طیارے کے کیبن میں اسموگ بھرگئی تھی جسکےباعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوی ایشن ذرائع کاکہنا ہےکہ قطر ائیرویز کی پرواز کیو آر 579 کراچی کے قریب تھی کہ اس میں خرابی پیدا ہوئی اور طیارے نے فائر انڈیکیشن دیے
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارے کے کیبن میں اسموگ بھی بھر گئی جس کےباعث 150 ائیر بس طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑی۔
فائر انڈیکیشن کے وقت طیارہ 40 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا جب کہ اس طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث دوحہ سے کراچی آنے والی قطر ائیرویز کی ایک اور پرواز فضا میں ہی چکر کاٹتی رہی۔
کراچی لینڈ کرنے والی فلائٹ میں 12 کریو میمبر اور 283 مسافر سوار تھے۔ بحفاظت لینڈنگ کے بعد طیارے کوپارک کروا کر مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج میں شفٹ کیا گیا،مسافروں کو متبادل پرواز کےذریعے روانہ کردیا جائےگا، پی آئی اے کےانجینئرز طیارے کی مکمل انسپیکشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن معمول کےمطابق جاری ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں ایمرجنسی کی صورت میں طیارہ کسی بھی ملک میں اجازت کے بعد لینڈ کرتا ہے۔
اس سے قبل بھی متعدد بار جہاز ہنگامی صورت حال کے سبب لینڈ کرتے رہے ہیں، گذشتہ سال مئی میں بھارتی ریاست نیو دہلی سے آنے والے طیارے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔