کراچی میں 27 واں عالمی مشاعرہ 22 مارچ کو ایکسپو سینٹر میں ہوگا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ممتاز شعرا شریک ہوں گے اور اپنا کلام پیش کریں گے۔
ساکنان شہر قائد کے تحت شہر کی درخشندہ روایت کو دہرانے کا اعلان ممتاز شاعر اور ساکنان شہر قائد کے روح رواں پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے ایک پریس کانفرنس کیا۔ انکا کہنا تھاکہ کراچی کے شہری زبردست ذہنی دباؤ میں ہیں اور عالمی مشاعرہ اس شہر کے ماحول کو بدلنے میں مدد دے گا۔
ساکنان شہر قائد کے منتظم اعلی محمود احمد خان نے بتایا کہ مشاعرے میں شرکت کے لیے ہندوستان کے شعرا کو بھی دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں جبکہ حکومتوں کی سطح پر منظوری کے لیے وفاقی حکومت سے بھی درخواست کی گئی ہے۔
مشاعرے میں امریکا اور یورپ کے مختلف ممالک سمیت دنیا کے دیگر حصوں میں بسنے والے اردو شعرا کو بھی دعوت سخن دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئی نسل کو ادب سے روشناس کرانا چاہتے ہیں اور کراچی سے شہریوں سے اپیل کریں گے کہ وہ زیادہ زیادہ تعداد میں اس محفل شعر وسخن میں شریک ہوں۔