پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی اور ایران کے شہر مشہد کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے، شہری براہ راست کراچی سے مشہد اور مشہد سے کراچی سفر کرسکیں گے۔ اس سلسلے میں ایران ایئر کی پہلی پرواز مشہدمقدس سے بدھ کے روز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔ اس موقع پر کراچی ایئرپورٹ پر ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان، پاکستان میں ایران ایئرآفس کے سربراہ اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام شریک ہوئے۔پاکستان میں ایران ایئر کی نئی پرواز کے اسقبال کے لئے کیک کاٹا گیا۔
مجموعی طورپر ایران ایئر کی پاکستان آنے والی پروازوں کی تعداد 12ہوگئی ہے۔ایران کے قونصل جنرل نے پروازوں کی تعداد میں اضافہ پر ایران ایئر کمپنی کی تعریف اور دوطرفہ تعاون میں اضافہ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ایران ایئر پاکستان کے سربراہ محمدپارسا نژاد کاکہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بارہ پروازیں ہوں گی۔ چار پروازیں تہران سے کراچی، چار مشہد سے کراچی اور چار مشہد سے لاہور کے درمیان سفر کیلئے استعمال ہوا کریں گی۔