کراچی اجتماع میں لاکھوں افراد کی شرکت، مقررہ اراضی کم پڑگئی

منگھوپیر کراچی میں تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع جاری ہے۔ ہفتہ کے روز بھی اجتماع میں شرکت کے لئے بڑی تعداد میں قافلے پہنچے۔ اجتماع میں موجود مبصرین کے مطابق لاکھوں افراد کی شرکت کےباعث موجودہ اراضی کم پڑگئی۔

جمعرات کو بعدنماز عصر شروع ہونے والا تین روزہ اجتماع اتوار کو نماز فجر کے بعد رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ اتوار کو اجتماع کے آخر روز فجر کے بعدخصوصی بیان چوہدری رفیق کا ہوگا۔ بیان کے بعد ہدایات نعیم شاہ دیں گے۔ اختتامی رقت آمیز دعا مولانا احمد بٹلہ کرائیں گے۔

ہفتہ کے روز اجتماع میں بزرگارن کے بیانات ہوئے اور ذکر و ازکار کا سلسلہ جاری رہا۔ مولانا جمال الدین ۔بابر جاوید ۔بخت منیر اور مولانا عباد اللہ نے بیانات دئے۔ بیانات میں بزرگان نے نصیحت کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ کی ذات پر یقین کامل ہونا چاہئے۔ 

اللہ کے سوا کوئی آپ کو نہ کچھ دے سکتا ہے نہ چھین سکتا ہے۔ کامیابی، عزت سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ بزرگان نے نماز کی پابندی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نماز ٹھیک کرنے سے سارے کام ٹھیک ہوجائیں گے۔  نماز میں دنیا کے خیالات نہیں آنے چاہیے۔ 

نماز کی ادائیگی اس طرح کرنی چاہئے کہ بندہ اللہ سے گفتگو کررہا ہے۔ یہ نماز ساری زندگی پر اثرانداز ہوتی ہے۔ گناہوں سے توبہ کریں اور دین پر عمل کریں گے تو دنیا میں بھی راحت ہوگی اور آخرت کے تمام مراحل میں بھی اللہ تعالی آسانی فرمائیں گے۔

بزرگان نے بیانات میں شرکاء کو نصیحت کی کہ موت خاتمہ نہیں بلکہ عارضی سے مستقل زندگی کا انتقال ہے۔ اس لئے دنیاوی زندگی کے ساتھ مستقل زندگی کی بھی تیاری کرنی چاہئے۔ جو جہنم سے بچالیا گیا اور جنت میں داخل کیا گیا بس وہی کامیاب ہے۔ 

بزرگان نے اپنے بیانات کے ذریعے بتایا کہ اس دنیا میں ہم اپنی مرضی کے مطابق زندگی نہیں گزار سکتے۔ زندگی گزارنے کے دو طریقے ہیں۔ رب کی چاہت کے مطابق زندگی گزاری جائے یا من چاہی زندگی گزاری جائے۔ جس نے رب کی چاہت کے مطابق زندگی گزاری وہی شخص کامیاب ہوگا۔

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم  آخری نبی اور ہم آخری امت ہیں۔ اب نبیوں والا کام ہم نے کرنا ہے۔ انبیاء کرام کی بعثت کا مقصد لوگوں کی دنیاوی ضروریات پوری کرنا نہیں تھا بلکہ دین کی بالا دستی کا تھا۔

تبلیغی جماعت میں ایک ہی بات کہی جاتی ہے کہ اللہ کو پہچانو اور اللہ کی مانو، ہم مسلمان ہیں، اللہ کو ماننے والے ہیں، ہم نے اللہ کو راضی کرنا ہے۔ دنیا کے جتنے بھی شعبے ہیں سب اللہ کو ماننے والے بن جائیں اور اللہ کو راضی کرنے والے بن جائیں تو ہمارے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

کراچی اجتماع کے اختتام پر سینکڑوں تبلیغی وفود  کی چالیس دن، چار ماہ اور سال کے لیے ملک و بیرون ملک کے لئے تشکیل کی جائے گی ۔
Spread the love
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts