جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر عمرہ زائرین کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کے آئی فونز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
پاکستان کسٹمز نے عمرہ زائرین کے ذریعے آئی فون اسمگل ہونے کی اطلاع پر جناح ٹرمینل کراچی پر کارروائی کی، جس میں امارات ائر کی پرواز سے آنے والے ایک مشکوک عمرہ گروپ کے افراد سے 51 قیمتی آئی فونز برآمد کرلیے گئے۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق برآمد کیے گئے آئی فونز میں 25 عدد 15پرومیکس، 12عدد 14 پرومیکس، 14عدد 11، 12 پرومیکس شامل ہیں۔ اسمگل ہونے والے آئی فونز کی مالیت 2کروڑ 74لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ اسمگلنگ کے ذریعے 88لاکھ روپے کی ڈیوٹی وٹیکسوں کی چوری کی جارہی تھی۔
حکام کے مطابق ائرپورٹ ارائیول پر عمرہ زائرین کے لیے تیز خدمات کی سہولت سے اسمگلرز فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے تھے۔ کارروائی میں آئی فونز کے خالی ڈبے زائرین کے سامان جب کہ آئی فونز پہنے ہوئے لباس سے برآمد ہوئے۔ پاکستان کسٹمز حکام نے 3افراد کو گرفتار کرکے مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کرلیا۔