کراچی میں جاری لاقانونیت کا دائرہ صنعتی علاقوں تک پھیل گیا۔ کراچی کے مصروف ترین صنعتی علاقہ سائٹ کے گودام میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ مسلح ڈاکو چائے کے گودام سے 80لاکھ روپے مالیت کی چائے لے اڑے۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات ہفتہ کے روز پیش آئی۔ 8 سے 10 مسلح افراد نے چائے کے گودام میں ڈکیتی کی اور 219 بوری میں بند 10 ٹن چائے کی پتی لوٹ لی۔ ملزمان گودام کے عملے اور ملازمین کو یرغمال بناکر چائے پتی گاڑی پر لوڈ کرکے فرار ہوگئے۔
چائے کے گودام میں ہونے والی واردات کا مقدمہ سائٹ بی تھانے میں درج کرادیا گیا ہے۔ پاکستان ٹی ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے لاکھوں روپے مالیت کی پتی بازیاب کرانے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان ٹی ایسوسی ایشن نے حکومت سندھ سے تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔