گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوگی اور ایسی پالیسی بھی آنے والی ہے کہ ڈالر سب کو دستیاب ہوگا۔
کراچی میں ادارہ نورالحق پر امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سب اس بات پر متفق ہیں کہ معیشیت کا پہیہ چلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے اور آخری مراحل میں ہے، پاکستان میں معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، زراعت، آئی ٹی اور معدنیات پر کام شروع ہو چکا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ وہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کو خبردار کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں ڈالر 250 روپے سے بھی نیچے جائے گا اور ایسی پالیسی بھی آنے والی ہے کہ ڈالر سب کو دستیاب ہوگا۔
واضح رہے کہ نگران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ملک بھر میں ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر 291 روپے تک پہنچ چکا ہے۔