پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں تقریباً ایک ماہ مسلسل ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی لیکن گزشتہ روز سے ایک بار پھر ڈالر کی قدر بڑھنے لگی ہے۔ آج انٹربینک کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر بڑھ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹربینک میں مسلسل دوسرے روز ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ روپے کے مقابلے میں آج ڈالر 1 روپے 47 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
انٹربینک میں ایک ڈالر کی قیمت 278 روپے 50 پیسے ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ڈالر 277 روپے 03 پیسے کی قدر پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں تو ڈالر کی قدر میں کوئی اضافہ نہیں ہوا لیکن اوپن مارکیٹ میں بھی آج ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ایک دم ڈالر 3 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں اضافے کے بعد ایک ڈالر کی قیمت 280 روپے ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 277 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 101 پوائنٹس کے اضافے سے 49 ہزار 632 پر آ گیا۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 49 ہزار 531 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔