پاکستان میں سیاسی عدم استحکام نے ملکی معیشیت کو داؤ پر لگادیا۔ ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان کا نہ رُکنے والا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور آج بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر کا بھاؤ میں آج دوران کاروبار 18 پیسے کا اضافہ ہوا اور ایک ڈالر کی قیمت بڑھ کر 202 روپے 10 پیسے تک جاپہنچی ہے۔
گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں10پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 30پیسے کا اضافہ ہوا۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق اس کی وجہ درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی زیادہ طلب ہے۔
جس کے باعث انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں زیادہ اضافہ ہورہا ہے اور اس کے اثرات اوپن مارکیٹ پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔
ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے سے پاکستان کے گردشی قرضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے، جسکے باعث کاروباری طبقہ انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ اسٹاک ایکس چینج میں 354 پوائنٹس اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 100 انڈیکس 42 ہزار 367 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی رہی تھی، 100 انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس سے گر کر 41 ہزار پوائنٹس کی حد پر پہنچ گیا تھا۔