پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اور حکومتی پالیسیوں کے باعث روپے کی مسلسل بے قدری جاری ہے۔ بے قابو ڈالر آج بھی مذید مہنگا ہوگیا اور انٹربینک میں اسکی قیمت 205 روپے سے بھی تجاوز کرگئی۔
انٹربینک میں آج کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ صرف دو گھنٹے کے ٹریڈنگ کے دوران ہی ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 64 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔
قیمت میں اضافے کے بعد ڈالر 205 روپے 50 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا جو پاکستان میں ڈالر کی بلند ترین سطح ہے۔ موجودہ حکومت کے صرف تین ماہ میں ڈالر 23 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔
گزشتہ روز فاریکس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں 1.65 روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت 203.90 روپے ہوگئی تھی۔
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کا اثر اوپن مارکیٹ میں بھی دیکھا جارہا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 206 روپے تک ٹریڈ کررہا ہے۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 204 روپے تھی۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق اس وقت ملک کی جو معاشی صورتحال ہے یہ سٹے بازوں کے لئے انتہائی سود مند ہے۔افواہیں گردش کررہی تھیں جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا گیا۔