چیف سلیکٹر انضمام الحق، قومی وکٹ کیپر بیٹر محمدرضوان اور متعدد پلیئرز کے ایجنٹ ایک ہی کمپنی کے شیئرہولڈر نکلے۔ چیف سلیکٹر کا کمپنی کے مالکان میں شامل ہونا مفادات کا ٹکراؤ قرار دیا جارہا ہے۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق انضمام الحق، محمدرضوان اور متعدد پلیئرز کے ایجنٹ طلحہ رحمان ’’یازو انٹرنیشنل لمیٹیڈ‘‘ کے مالکان میں بھی شامل ہیں۔ یہ کمپنی برطانیہ میں رجسٹرڈ ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دستاویز میں کمپنی کا برطانوی رجسٹریشن نمبر 1306 سے شروع ہوتا ہے اور اس میں تینوں مالکان کا یکساں ایڈریس کول چیسٹر، انگلینڈ لکھا گیا ہے۔ کمپنی میں تینوں کے شیئرز 25 فیصد سے زائد ہیں۔
کھلاڑیوں کے ایجنٹ کی کمپنی سایا کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انضمام الحق، محمدرضوان اور طلحہ رحمانی کمپنی کے انویسمنٹ ونگ کے شعبے کے تحت ای کامرس کمپنی یازو کے مالکان میں شامل ہے۔
مذکورہ کمپنی 2020 سے ڈیکلیئرڈ ہے، مفادات کے ٹکراؤ پر کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی کوویڈ کے دنوں میں 2020 میں بنی اور تب انضمام الحق چیف سلیکٹر نہیں تھے۔ اس وقت کمپنی کے مجموعی اثاثے 1100 پاؤنڈ ہیں اور کوئی بھی موجودہ یا سابق کرکٹر ایجنٹ کمپنی سایا کارپوریشن یا اسکے کسی بھی عالمی پارٹنر اداروں میں شراکت دار نہیں ہیں۔
واضح رہے ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، محمدرضوان سمیت کھلاڑیوں کا کرکٹ بورڈ سے سینٹرل کانٹریکٹ کو لے کر تنازع چل رہا تھا اور انضمام الحق ہی نے کھلاڑیوں سے مذاکرات کر کے انھیں تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی کی آمدنی سے بھی شیئر دلایا جبکہ تنخواہوں میں بھی 202 فیصد تک اضافہ کرایا تھا۔