دوسری آل پاکستان چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ دفاعی چیمپیئن ناصر اقبال نے جیت لی۔ خواتین کا ٹائیٹل زینب خان کے نام رہا۔
کراچی میں پاکستان نیوی روشن خان جہانگیرخان اسکواش کمپلیکس میں کھیلی گئی چیمپیئن شپ کے فائنل میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپیئن ناصر اقبال کا مقابلہ سیڈ نمبر 8 کھلاڑی اسرار احمد کے ساتھ ہوا۔
ناصر اقبال نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے صفر کے مقابلے میں 3 گیمز سے میچ جیت لیا۔ ناصر اقبال نے پہلا گیم 10-12، دوسرا 3-11 اور تیسرا 2-11 کے اسکور سے جیتا۔
خواتین کے مقابلوں میں فائنل میں ٹاپ سیڈ نورالعین کو شکست ہوگئی۔ نورالعین کو سیڈ نمبر 2 پلیئر زینب خان نے صفر کے مقابلے میں 3 گیمز سے ہراکر ٹائیٹل جیتا۔
زینب خان نے پہلا گیمز 10-12 کے اسکور سے جیتا۔ دوسرے گیم میں 4-11 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرا گیم 11-8 کے اسکور سے اپنے نام کرکے چیمپیئن شپ جیت لی۔
اختتامی تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نےکھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ چیمپئن شپ میں 30 لاکھ روپے کی ریکارڈ انعامی رقم رکھی گئی تھی۔