تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی شہر شہر جلسے منعقد کرے گی اور اس سلسلے میں شہرقائد میں تحریک انصاف 16 اپریل بروز ہفتہ کو اپنی پاور دکھائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں 16 اپریل کو مزارقائد سے متصل باغ جناح گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔ جلسہ بعد نماز عشاء رات 9 بجے شروع ہوگا۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وزارت عظمٰی سے فارغ کئے جانے والے عمران خان جلسے خطاب کریں گے۔
عمران خان کراچی کی عوام کو حکومت کی تبدیلی اور انکے ہٹائے جانے سے متعلق حقیقت سے آگاہ کریں گے اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 17 اپریل بروز اتوار جلسے کا اعلان کیا تھا جسے اب تبدیل کرکے 16 اپریل کردیا گیا ہے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر باضابطہ طور پر بھی اسکا اعلان کیا جاچکا ہے۔
بطور وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے آخری خطاب میں اتوار 10 اپریل کو عوام سے پرامن احتجاج کا اعلان کیا تھا اور عمران خان کی اپیل پر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکلی اور عمران خان کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا تھا۔