پاکستان تحریک انصاف نے کل بروز 26 نومبر راولپنڈی میں لانگ مارچ پہنچنے کا اعلان کررکھا ہے۔ عمران خان نے کل تک لانگ مارچ کو راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ لانگ مارچ میں شرکت کیلئے کراچی سے قافلے روانہ ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کے لیے کراچی سے قافلے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے قافلے بسوں، کاروں اور ریلوں کے ذریعے جڑواں شہر پہنچیں گے۔
گزشتہ دنوں دوران احتجاج پولیس شیلنگ سے زخمی ہونے والے پی ٹی آئی ایم پی اے راجا اظہر، صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار، جمال صدیقی ودیگر رہنماؤں نے کارکنوں کر پنڈی کے لیے وانہ کیا۔
اس موقع پر کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ عوام حقیقی آزادی کیلیے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو 26 نومبر کو فیض آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے 56 شرائط کے ساتھ اجازت نامہ جاری کیا۔ شرائط کی عدم پیروی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔